بدھ 28 اکتوبر 2026 - 11:58
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، نبیِ پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نگاہ میں

حوزہ / رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپ سلام اللہ علیہا کا بہت احترام فرماتے تھے۔ آپ سلام اللہ علیہا کی آمد پر کھڑے ہو کر استقبال کرتے، آپ سلام اللہ علیہا کو خوش آمدید کہتے اور اپنی محبت کا اظہار فرماتے تھے۔

خواجہ ظہیر عباس لطفی

حوزہ نیوز ایجنسی | حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا وہ عظیم خاتون ہیں جو اپنے زمانے کی بھی بہترین خواتین میں شمار ہوتی ہیں اور تمام زمانوں کی خواتین کے لیے نمونۂ عمل ہیں۔ آپ سلام اللہ علیہا جنت کی خواتین کی سردار ہیں اور آپ سلام اللہ علیہا کی پاکیزہ سیرت کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

حضرت زہرا سلام اللہ علیہا اپنے والدِ گرامی، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بے حد عزیز تھیں۔ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپ سلام اللہ علیہا کا بہت احترام فرماتے تھے۔ آپ سلام اللہ علیہا کی آمد پر کھڑے ہو کر استقبال کرتے، آپ سلام اللہ علیہا کو خوش آمدید کہتے اور اپنی محبت کا اظہار فرماتے تھے۔ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو ’’اُمِّ اَبیہا‘‘ یعنی ’’اپنے والد کی ماں‘‘ کے لقب سے یاد فرماتے تھے، جو آپ سلام اللہ علیہا سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بے پناہ محبت اور قربت کی علامت ہے۔

حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک آپ سلام اللہ علیہا کے مقام کو بیان کرنے کے لیے ایک واقعہ نقل کیا جاتا ہے:

ایک مرتبہ عید کا موقع تھا۔ امام حسن اور امام حسین علیہما السلام کے پاس عید کے نئے کپڑے نہیں تھے۔ دونوں شہزادوں نے اپنی والدہ، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے عرض کیا: ’’امی جان! عید کے موقع پر سب بچے نئے کپڑے اور نئے جوتے پہن رہے ہیں، لیکن ہمارے پاس نئے کپڑے کیوں نہیں ہیں؟‘‘

حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنے بچوں کے دل کو خوش کرنے کے لیے فرمایا: ’’بیٹا! آپ کے کپڑے درزی کے پاس ہیں۔‘‘

روایت کے مطابق، اللہ تعالیٰ نے حضرت جبرائیلؑ کو حکم دیا کہ وہ امام حسن اور امام حسین علیہما السلام کے عید کے کپڑے لے کر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے گھر پہنچیں۔ چنانچہ حضرت جبرائیلؑ کپڑے لے کر دروازے پر آئے اور آواز دی۔ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے پوچھا: ’’کون ہے؟‘‘ حضرت جبرائیلؑ نے جواب دیا: ’’میں درزی ہوں اور حسن اور حسین کے کپڑے لے کر آیا ہوں۔‘‘

حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سمجھ گئیں کہ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ نعمت ہے۔ آپ سلام اللہ علیہا نے کپڑے وصول کیے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

اس واقعہ سے یہ سبق ملتا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اپنے بچوں کے جذبات اور خوشیوں کا کس قدر خیال رکھتی تھیں۔ آپ سلام اللہ علیہا نے بچوں کے دل کو ٹھیس پہنچنے سے بچانے کے لیے انہیں تسلی دی اور روایت کے مطابق اللہ تعالیٰ نے بھی اپنے لطف و کرم سے آپ سلام اللہ علیہا کی بات کو سچ کر دکھایا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha